کراچی : سندھ کے14اضلاع میں بلدیاتی الیکشن میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے۔ ووٹوں کی گنتی جاری ہے ۔ ایکشن سے بھرپور الیکشن میں دن بھر لڑائی جھگڑے، مار دھاڑ میں 2افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ۔
نیو نیوز کے مطابق سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔5 بجے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جا رہی ہے۔ یوسی چیئرمین، نائب چیئرمین اور کونسلرز کیلئے براہ راست انتخاب ہو رہا ہے۔ مجموعی طور پر 7 ہزار164سیٹوں میں سے ایک ہزار81 امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے۔
دن بھر 14اضلاع کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر کارکن لڑ تے رہے۔ کہیں گولیاں چلیں ،کہیں تھپڑے اور گھونسے چلے۔کندھ کوٹ میں پولنگ اسٹیشن توڑی پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔ پریزائیڈنگ افسر سمیت الیکشن کا عملہ اغواکرلیا ۔ بیلٹ باکسزبھی ساتھ لے گئے ۔بینظیر آباد میں 3 پولنگ اسٹیشنز سے انتخابی سامان چھین لیاگیا ، الیکشن کمیشن کے عملے کو بازیاب کرالیا گیا۔
دوسری طرف کندھ کوٹ میں میونسپل کمیٹی وارڈ نمبر2میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر جھگڑا ہوا۔اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر آمنہ بلوچ زخمی ہوئیں۔ وراڈ نمبر 10 کے پولنگ اسٹیشن پر بھی کارکنوں میں جھگڑا ، لاٹھیوں اور کرسیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔مشتعل افراد نے کار سمیت سیکڑوں موٹر سائیکلز توڑ ڈالیں۔