بلاول بھٹو، مراد شاہ کو قوانین کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری ہوئے؟ علی زیدی کا الیکشن کمیشن سے سوال

01:38 PM, 26 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) سندھ کے صدر علی حیدر زیدی نے الیکشن کمیشن سے سوال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ نے الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کی ، کیا انہیں الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کیے۔

 پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے ایک  ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سےکچھ پوچھنا چاہتا ہوں کہ  چیئرمین پیپلز پارٹی، وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لاڑکانہ میں جلسہ کر کے قوانین کی خلاف ورزی کی تھی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کیا بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ کو نوٹس جاری کیے ہیں؟

ان کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن مہم میں سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا گیا، خدشہ ہے کہ جمہوری عمل کے دوران خون خرابہ نہ ہو جائے۔

صدرپی ٹی آئی سندھ علی زیدی کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتخابی عمل صاف و شفاف رکھنا اداروں کی ذمے داری ہے، انہوں نے کہا کہ  حالات خراب ہونے کے ذمہ دار سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن ہوں گے۔

مزیدخبریں