راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی پاکستان کی سیاست کا اہم ترین مہینہ ہے۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ فضل الرحمان کا سازش کروانے کا اعتراف بھونڈا مذاق ہے بلکہ سازش غیر ملکی ڈالروں کے منحرف اراکین میں تقسیم سے شروع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہر روز 10 شعبوں میں نیا ٹیکس لگایا جاتا ہے جبکہ ابھی تک نہ تو آئی ایم ایف کا فیصلہ آیا اور نہ ہی فیٹف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا ہے۔ وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ اور منشیات کیس میں وزیر داخلہ پر فرد جرم کون لگائے گا ؟
شیخ رشید احمد نے جولائی کو پاکستان کی سیاست کا اہم ترین مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 20 منحرف اراکین کو ٹکٹ دے کر ن لیگ نے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر مہر لگائی ہے۔ اب قومی غیرت نے ان منحرف اراکین کو مسترد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چودھریوں کو لڑا دیا اور ایم کیو ایم کولائن میں لگا دیا۔ بی اے پی اور اے این پی کو مٹھا دیا۔ ابھی ٹریلر چلا ہے تاہم اتحادیوں کی فلم چلنا ابھی باقی ہے۔