کینیڈا میں اسلامو فوبیا کا ایک اور واقعہ ، پاکستانی شہری کی داڑھی مونڈھ دی

06:49 PM, 26 Jun, 2021

اوٹاوہ: کینیڈا کے شہر سسکٹون میں دو چاقو بردار افراد نے حملہ کرکے پاکستانی نژاد مسلم شخص کو شدید زخمی کردیا اور داڑھی مونڈھ دی۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے شہر سسکٹون کے رہائشی پاکستانی نژاد کاشف پر چہل قدمی کے دوران دو چاقو بردار افراد نے حملہ کردیا جس کے باعث کاشف کے ہاتھ پر گہرے زخم آئے۔

حملہ آوروں نے اسی پر بس نہیں کی بلکہ پاکستانی نژاد کاشف کی داڑھی مونڈھ دی اور نفرت آمیز جملے کستے رہے۔ لوگوں کے جمع ہونے پر حملہ آور کاشف کو زخمی حالت میں چھوڑ کرکے فرار ہوگئے۔

پاکستانی نژاد کاشف کو زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے ہاتھ میں 14 ٹانکے آئے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسرز نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

سسکٹون کے میئر نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں اب تک صدمے میں ہوں، کینیڈا میں اسلامو فوبیا اور نسل پرستی سمیت کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کی جگہ نہیں۔ ملزمان کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دلوائیں گے۔

مزیدخبریں