کراچی: جمیعت علما اسلام (جے یو آئی) کے ترجمان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی طبیعت میں بتدریج بہتری ہے، ڈاکٹرز نے اُن کے متعدد ٹیسٹ کیے جن میں سے کچھ کی رپورٹس آگئیں جبکہ چند کا انتظار ہے۔
جے یو آئی ترجمان نے بتایا کہ ’ڈاکٹرز نے مولانا فضل الرحمان کو مزید چند روز اسپتال میں علاج جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے ۔
دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر و رہنما مسلم لیگ ن سردار ایاز صادق، شاہ اویس نورانی نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے خیریت دریافت کی۔
ایک روز قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو پارٹی وفد کے ہمراہ گلدستہ بھیجا اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان کو دو روز قبل شدید بخار اور طبیعت ناسازی کے بعد کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے بتایا تھا کہ وہ انفیکشن کی وجہ سے شدید بخار میں مبتلا ہیں، جو کم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے مولانا فضل الرحمان کو آئی سی یو میں رکھا ہے اور ان کے مختلف ٹیسٹ ہو رہے ہیں، ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم کی زیرنگرانی مولانا فضل الرحمان کا علاج جاری ہے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل مولانا فضل الرحمان جماعتی دورے پر کراچی پہنچے تھے ، جس کے بعد طبیعت نہ سنبھلنے پر انہیں اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔