سلیکشن میں میرٹ کی خلاف ورزی، رمیز راجہ ، انضمام ، اکرم رضا اور منصور رانا کے بیٹوں کو شامل کرلیا گیا

05:56 PM, 26 Jun, 2021

لاہور (ارسلان جاوید) سینئر انٹر سٹی کرکٹ چیمپئن شپ  کیلئے  لاہور کی چھ ٹیموں کی سلیکشن میں میرٹ کی دھجیاں بکھیر دی گئی ہیں۔ کئی سفارشی کرکٹرز کو ٹیموں میں شامل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

نیو نیوز کے مطابق  دلشاد احمد بیک وقت تین ٹیموں میں شامل کرلیے گئے۔ دلشاد احمد کا نام قصور، سرگودھا اور لاہور ویسٹ زون کی ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔ سابق کرکٹرز رمیز راجہ، انضمام الحق ،اکرم رضا،منصور راناکے بیٹوں کو باصلاحیت کِھلاڑیوں پر فوقیت دینے کا  بھی انکشاف  ہوا ہے۔

ویسٹ زون میں کھیلنے والے رمیز راجہ کے بیٹے حیدر رمیز راجہ کو نارتھ زون میں شامل کرلیا گیا ۔  اکرم رضا کے بیٹے ذیشان اکرم اور انضمام الحق کے بیٹے ابتسام الحق ایسٹ زون کی ٹیموں میں شامل ہیں۔  

منصور رانا کے بیٹے دانیال رانا کو ایسٹ زون کی ایک ٹیم میں شامل کیا گیا ۔ لاہور ایسٹ زون کی ٹیم میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے معظم حیات کو شامل کردیا گیا۔ آصف گوندل ، آصف غفور ، زبیر ملک کی سلیکشن پر بھی تحفظات سامنے آرہے ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کی ٹیموں کی سلیکشن  کے معاملے پر اہم کرکٹ آرگنائزرز نے بورڈ سے رابطے کیے ہیں۔  آرگنائزرز نے سلیکشن میں سامنے آنے والی من مانیوں کی نشاندہی کردی ہے ۔

 آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ ٹرائل میچ کروانا ضروری تھا تو تمام کھلاڑیوں کو طلب کیا جاتا۔  ٹرائل میچ میں صرف 75 کھلاڑیوں کو طلب کیا جانا ٹرائلز کے پورے عمل کو مشکوک بناتاہے ۔

مزیدخبریں