جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت،کار مکینک گرفتار

02:31 PM, 26 Jun, 2021

لاہور: لاہور کے معروف علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے اور حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کار مکینک کو حراست میں لے لیا ہے۔ 


نجی ٹی وی کے مطابق حساس اداروں نے گزشتہ روز کارروائی کرتے ہوئے کار مکینک کو گاڑی کی تیاری اور مرمت کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا اور اسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور اب تک تقریباً 8 مختلف افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے تاہم تحقیقاتی ادارے دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کو جائے وقوعہ پر چھوڑنے والے شخص کو تاحال گرفتار نہیں کر سکے۔ 


رپورٹ کے مطابق لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کئے گئے ڈیوڈ پال نامی شخص سے تفتیش کا عمل جاری ہے تاکہ گاڑی کو دھماکے کی جگہ پر چھوڑنے والے شخص سے متعلق سراغ مل سکے اور اسے گرفتار کیا جائے کیونکہ مذکورہ شخص کے گرفتار ہونے سے اہم معلومات ملنے کا قوی امکان ہے۔ 


واضح رہے کہ جوہر ٹاؤن کے علاقے بورڈ آف ریونیو سوسائٹی میں بم دھماکے کے نتیجے میں 6 سالہ بچے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 8 خواتین، 4بچوں سمیت 24افراد زخمی ہو گئے تھے ۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں کئی گاڑیاں ، موٹرسائیکلیں اوررکشہ تباہ جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹے۔ 


ذرائع کے مطابق ایک ہی خاندان کے پانچ افراد بم دھماکے کی زد میں آئے جس سے 30 سالہ عبدالخالق اور چھ سالہ بیٹا عبدالحق جاں بحق ہو ئے ہیں۔ انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 15سے 20کلو گرام غیر ملکی دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا، دھماکہ میں بال بیئرنگ کے استعمال سے لوگ جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ 

مزیدخبریں