لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ وہ اپنے آخری پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شاہد خان آفریدی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تاہم کمر کی انجری کے باعث وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلے گئے بقیہ میچز میں شرکت نہ کر سکے البتہ ان کی ٹیم پہلی مرتبہ ٹائٹل جیتنے میں ضرور کامیاب رہی۔
شاہد خان آفریدی نے اب اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے آخری پی ایس ایل ٹورنامنٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کے خواہشمند ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میںگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی میں ملتان سلطانز کا حصہ ہوں، اگر فرنچائز مجھے اجازت دیتی ہے تو میں اپنے آخری پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا چاہوں گا۔
اب یہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر منحصر ہے کہ وہ شاہد خان آفریدی کی خواہش پوری کرتے ہیں یا نہیں کیونکہ اس مقصد کیلئے ملتان سلطانز کو انہیں ریلیز کرنا ہو گا جس کے بعد ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز انہیں اپنے سکواڈ کیلئے منتخب کر سکتی ہے۔
اپنے آخری پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے کا خواہشمند ہوں: شاہد آفریدی
01:17 PM, 26 Jun, 2021