لاہور: اسلام آباد ، لاہور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ، موسم بھی خوشگوار ہوگیا ۔
خیبر پختو نخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ، خیبرپختونخوا ، بالائی اور وسطی پنجاب ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ کہیں کہیں بارش کا امکان ہے ۔ تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہے گا ۔
ادھر ، لاہور میں بارش شروع ہوئی تو کمشنر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے تمام محکموں کو چوکس رہنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں بارش ہو رہی ہے ، اے سیز چوکس رہیں ۔
کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ اے سیز محکمہ موسمیات کے ساتھ رابطہ رکھیں اور انتظامات مکمل کریں ۔ ٹریفک پولیس بارش کے باعث بند ہونے والے راستوں کا متبادل انتظام کرائیں ۔