شیخ رشید کا ریلویز میں ایک لاکھ نوکریوں کا اعلان

07:24 PM, 26 Jun, 2020

راولپنڈی: وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے محکمہ ریلویز میں ایک لاکھ نوکریاں دینے کا اعلان کر دیا۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کورونا وائرس سے صحت یابی کے بعد راولپنڈی میں پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آٹا و چینی چوروں کا گھیراؤ ہونا چاہیے، عمران خان وقت کی ضرورت ہیں اور حکومت مدت پوری کرے گی، اختر مینگل کہیں نہیں جاتے اور بہت مینگلوں کو جانتا ہوں۔

انہوں نے ریلوے میں ایک لاکھ نوکریوں کا اعلان کیا اور کہا کہ ریلوے کا سارا نظام بدل دیں گے اور نیا میرٹ کا نظام لائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون ایک خواب تھا اور اس سال لاہور سے راولپنڈی کا سفر 2 گھنٹے کا ہو جائے گا، ریلوے اپنے پاؤں پر کھڑی ہونے جا رہی ہے اور ایم ایل ون کا کریڈٹ عمران خان اور آرمی چیف کو جاتا ہے، ایم ایل ون میرا خواب تھا، حفیظ شیخ، اسد عمر اور عاصم سلیم نے اسے حقیقت بنایا۔

کورونا کے حوالے سے شخ رشید نے کہا کہ مجھ پر 4 خودکش حملے ہوئے لیکن اس طرح کی بیماری نہیں دیکھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شیخ رشید میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ  16 روز تک ملٹری اسپتال راولپنڈی میں داخل رہے اور اب صحتیاب ہوچکے ہیں۔

مزیدخبریں