مظفر آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نفسیاتی مریض ہے جو بھارت کو تباہی کی طرف لے کر جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔پاکستان کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا اوربھارت خطے میں امن کا دشمن ہے۔
مظفر آباد کے دورے کے دوران کنٹرول لائن کے رہائشیوں کے لیے احساس کیش پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر رہنے والے شہریوں کی تکالیف کا علم ہے۔ آزاد کشمیر کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے احساس کیش پروگرام کے ذریعے ان لوگوں کی مدد کر رہا ہوں۔ ایک لاکھ 38 ہزار لوگوں کو احساس کیش پروگرام کے ذریعے پیسے دیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں 12 لاکھ لوگوں کو آزاد کشمیر میں ہیلتھ کارڈ ملیں گے اور ہیلتھ کارڈ کے ذریعے دس لاکھ روپے تک کسی بھی ہسپتال میں جا کر اپنا علاج کرا سکیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ قابض بھارتی فوجی کشمیریوں کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں، کوئی طاقت کشمیریوں کے جذبہ کو نہیں ہرا سکتی۔ مقبوضہ کشمیر میں روز کسی کشمیری کو شہید کیا جاتا ہے۔ یہ تحریک ختم ہونے والی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس خود کو ہٹلر کی نازی پارٹی کا جانشین سمجھتی ہے، نریندر مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا، بھارتی وزیراعظم کشمیریوں پر سوچی سمجھی سازش کے تحت ظلم کر رہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں معاملہ مسلمانوں کی نسل کشی کی طرف جا رہا ہے، مودی سرکار بھارت میں دیگر اقلیتوں پر بھی ظلم کر رہی ہے، عیسائیوں، مسلمانوں پر ظلم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت میں پڑھے لکھے اور سمجھدار ہندو بھی سمجھ رہے ہیں یہ غلط ہو رہا ہے۔ مودی بھارت کو تباہی کی طرف لے کر جا رہا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نفسیاتی مریض ہے، میں نے دنیا کو آر ایس ایس کے نظریے سے آگاہ کیا۔