لندن :ورلڈ کپ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور آج برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ کھیلا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اب تک چھ میچ کھیل کر پانچ نمبر حاصل کیے ہیں اور پوائنٹ ٹیبل پر اس کی ساتویں پوزیشن ہے۔ ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور بھارت نے گرین شرٹس کو شکست دی۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے کھیلا جائیگا۔
انگلینڈ اور ساؤتھ افریقہ کو سرفراز الیون سے مات ہوئی جب کہ سری لنکا کے ساتھ مقابلہ برابر رہا۔پوائنٹس ٹیبل پر نمبر دو ہونے کے باوجود کیویز کی ٹیم سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکی اور نہ ہی پاکستان کا سفر ابھی ختم ہوا ہے۔
کیویز نے اس ٹورنامنٹ کے نصف درجن مقابلوں میں حصہ لیا اور پانچ میں فتح یاب رہی جب کہ ایک میچ بارش کے سبب برابر رہا۔سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، ساؤتھ افریقہ اور ویسٹ انڈیز کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں مات ہوئی جب کہ بھارت کے ساتھ مقابلہ بلا بارش کی نذر ہوگیا۔دونوں ٹیمیں آج اپنا ساتواں میچ کھیلیں گی۔ اگر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو کیویز کا ٹاکرا تاحال ایک ہی تگڑی ٹیم سے ہوا ہے اور وہ کھیل برابر رہا جب کہ یہ ٹیم ورلڈکپ 2019 میں اب تک 300 اسکور تک نہیں پہنچ سکی۔
پاکستان نے اپنے سے تگڑی ٹیموں کیساتھ میچز کھیلے ہیں اور اس نے اپنے ہدف میں 300 کا ہندسہ بھی عبور کیا۔قومی ٹیم کا نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچز میں بھی پلڑا بھاری ہے۔ 106 میں سے پاکستان نے54 میچوں میں کامیابی سمیٹی۔ ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی قومی ٹیم نے آٹھ میں سے چھ بار کیویز کو زیر کیا۔