اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 53 سے کاغذات نامزدگی کی ایپلٹ ٹریبونل میں سماعت کے سلسلے میں پیش ہوئے جہاں ٹریبونل نے ان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
ٹریبونل کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں نے اپنے حلقے اور پاکستان کے لیے کام کیا جبکہ کبھی کسی آمر کا ساتھ نہیں دیا اور پارٹی سے وفاداری نہیں بدلی۔
انہوں نے کہا کہ اب فیصلہ حلقے کے عوام نے کرنا ہے جبکہ ہم بھرپور طریقے سے الیکشن لڑیں گے اور یقین ہے کہ (ن) لیگ کامیاب ہو گی۔
مزید پڑھیں: چیف جسٹس کی برہمی کا سامنا کرنیوالے جج نے استعفیٰ دے دیا
(ن) لیگ کے امیدوار قمرالاسلام کی گرفتاری پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کی گرفتاری بدقسمتی کی بات ہے جس سے کبھی تفتیش نہیں ہوئی اور کچھ پوچھا نہیں گیا اسے اچانک گرفتار کرنا افسوسناک ہے۔ نیب سے گزارش ہے قمرالاسلام کو فوری رہا کیا جائے تاکہ وہ الیکشن میں حصہ لے سکیں۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ جسے بھِی خرابی نظر آتی ہے مسلم لیگ (ن) میں ہی نظر آتی ہے اور الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھ رہے ہیں اور اٹھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی 100 پیشیاں ہوئیں لیکن انصاف ہوتا نظر نہیں آ رہا اور میں نے پہلے کہا تھا کہ کوئی توقع نہیں کہ نواز شریف کو انصاف ملے گا اور انصاف نہ صرف ہونا چاہیے بلکہ ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں