اسلام آباد: راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس کشمیر ہائی وے سٹیشن پر اتوار کی صبح ڈرائیور کی حاضر دماغی کے باعث خوفناک حادثہ سے بال بال بچ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی میٹرو بس جب کشمیر ہائی وے سٹیشن سے سیکرٹریٹ کی طرف جا رہی تھی تو میٹرو کی دوسری بس راولپنڈی صدر جانے والی لین پر جانے کی بجائے راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی لین پر آگئی ۔
موڑ کے باعث دونوں ڈرائیور ایک دوسرے کو دیکھ نہیں سکے ۔ صدر کی طرف جانے والی میٹرو بس ایم 27کے ڈرائیور نے جونہی موڑ مڑتے ہوئے دیکھا تو فوراً بریک لگائی ۔ بریک اتنی زو دار کہ بچے اور عورتوں سمیت کئی مسافر فرش پر گر گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔