بہاولپور: وزیر اعظم جائے حادثہ احمد پور شرقیہ پہنچ گئے ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نوازشریف نے اس موقع پر کہا کہ لندن سے آکر کسی پر احسان نہیں کیافرض اداکیا ہے۔ آج سیاست کرنے کا موقع نہیں ،کل کچھ لوگوں نے سیاست کی ہے۔ انھوں نے سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے امدادی رقم کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دیاہے۔سانحہ کی تہہ تک جائیں گے،تحقیقات مکمل ہونگی قصور واروں کو نہیں چھوڑیں گے،اس کیس کو مثال بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عید کا دن غم کا دن بن گیا ہے۔
وزیراعظم محمدنوازشریف نے مزید کہا کہ حادثے کی مکمل انکوائری ہوگی، زخمیوں اورجاں بحق افراد کے لواحقین کو ملازمت بھی دی جائے گی۔ دعاہےکہ ہرزخمی صحت یاب ہو،متاثرین کودیاجانےوالامعاوضہ انکےپیاروں کی زندگی کانعم البدل نہیں۔اللہ تعالی ٰجاں بحق ہونے والوں کے درجات بلند کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کوٹھیک کرنے کی کوشش کررہےہیں،ترقیاتی کاموں اورلوڈ شیڈنگ پرقابوپانے کی کوشش کررہےہیں،تیزی سےامدادی کام کرنےپر شہباز شریف کو مبارکباد دیتا ہوں ۔شہداکے ورثاسےدلی ہمدردی کا اظہارکرتاہوں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ کے سبب عید سادگی سے منائی جائے۔لندن میں وزیراعظم نےمیڈیکل ٹیسٹ موخر کیا ،یہ عوام سے محبت کی نشانی ہے،سانحہ میں جا ں بحق افراد کی فرانزک لیب سے شناخت ایک بڑی کاوش ہے تاہم لاشوں کی شناخت کے لیے کام جاری ہے۔سانحہ کے بعد کسی قسم کی کوئی کسرنہیں چھوڑی گئی،زخمیوں کو وزیراعظم نے اپنے ہاتھ سے10،10لاکھ روپےکے چیک دیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان کا برن یونٹ دنیا کے بہترین اسپتالوں میں سے ہے،سانحہ کےفوری بعد چیف آف آرمی اسٹاف کو فون کیا۔افواج پاکستان نےبھی امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔سانحہ کےبعداس طرح کی مشترکہ کاوش کبھی نہیں دیکھی۔انہوں نے کہا سانحہ احمد پور شرقیہ میں 140افرادجاں بحق ہوئے۔
وزیراعظم نوازشریف نے سانحہ کے جاں بحق افرادکےلیے اجتماعی دعابھی کرائی۔