اسلام آباد: تحریک انصاف نے اسلام آباد میں ہونے والا آج کا احتجاج ملتوی کر دیا۔
عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کو پیر کے روز احتجاج کرنے کی اجازت دے دی۔
یاد رہے کہ آج پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں احتجاج کیلئے عدالت سےرجوع کر رکھا تھا ، پی ٹی آئی نے پریس کلب کے باہر یا ایف نائن پارک میں احتجاج کی اجازت کی استدعا کی تھی۔ جس پرعدالت نے ضلعی انتظامیہ کو پی ٹی آئی کے ساتھ مشاورت کا حکم دیا تھا اور بعد میں فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
واضح رہے کہ آج جماعت اسلامی نے مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں پر دھرنے کی کال دے رکھی ہے اور اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی وجوہات پر ریڈزون سیل کر دیا اور فیض آباد کے راستے بھی بند کر دیے۔ تاہم جماعت اسلامی کے کارکن رکاوٹوں کے باوجود ڈی چوک پہنچناشروع ہوگئے ہیں اور پولیس نے ڈی چوک اور ایکسپریس چوک سے جماعت اسلامی کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردیں۔