کولمبو ٹیسٹ،عبداللہ شفیق کی ڈبل سنچری نے میچ پر  پاکستان کی گرفت مضبوط کردی 

06:39 PM, 26 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

کولمبو :پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 563 رنز بنا کر سری لنکا کیخلاف 397 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔کولمبو میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم نے 178 رنز سے اننگز کا آغاز کیا۔  عبداللہ شفیق نے ڈبل سنچری سکور کی، انہوں نے 326 گیندوں پر 19 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 201 بنائے۔دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابراعظم 39 جبکہ سعود شکیل 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔


وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد 14 رنز بناکر ہیلمٹ پر گیند لگنے  کی وجہ سے زخمی ہوئے جبکہ آغا سلمان 132 اور محمد رضوان 37 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔  لنکا کی طرف سے اسھیتا فرنینڈو نے 3 جبکہ پرباتھ جے سوریا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل بارش کے باعث وقت سے پہلے ہی ختم کردیا گیا تھا۔


کولمبو میں سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 57 رنز بناکر سعود شکیل نے ایک اور کارنامہ سر انجام دیا۔ وہ ابتدائی 7 ٹیسٹ میچوں میں 50 یا اس سے زائد رنز سکور کرنے والے پہلے بلےباز بن گئے، اس سے قبل یہ کارنامہ کوئی کھلاڑی نہیں کرسکا۔سعود شکیل نے 146 سالہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کو الٹ کر رکھ دیا اور 96.78 کی اوسط سے 871 رنز بنائے۔  جس میں 6 ففٹیز اور 2 سنچریاں شامل ہیں۔
 

مزیدخبریں