اسلام آباد: نیپرا نے حکومتی درخواست پر آئی ایم ایف کی شرط پوری کرنے کے لیے گھریلو صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی کردی۔ گھریلو صارفین کےلیے فی یونٹ بجلی کی قیمت 42 روپے 72 پیسے تک پہنچ گئی۔بجلی کی نئی قیمتوں کا نفاذ کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز پر ہوگا اور قیمتیں یکم جولائی 2023 سے نافذ العمل ہوں گی۔
نیپرا نے وفاقی حکومت کی درخواست پر بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے پر محفوظ فیصلہ جاری کردیا۔نئی قیمت 42 روپے 72 پیسے یونٹ تک پہنچ گئی۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کےلیے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیاگیا۔ 100 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ صارفین کےلیے بجلی کا یونٹ 3 روپے اضافے کے ساتھ 16 روپے 48 پیسے کا ہو گا جبکہ 101 سے 200 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین کےلیے 4 روپے اضافے سے نئی قیمت 22 روپے95 پیسے فی یونٹ ہو جائے گی۔
201 سے 300 یونٹ تک استعمال پر 5 روپے یونٹ اضافے کے ساتھ 27 روپے 14 پیسے جبکہ 301 سے 400 یونٹ پر 6 روپے 50 پیسے اضافے سے نئی قیمت 32 روپے 3 پیسے ہوگی۔
نیپرا کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 401 سے 500 یونٹ ماہانہ استعمال پربجلی کی نئی قیمت 35روپے24 پیسے فی یونٹ ہوگی، 501 سے 600 یونٹ ماہانہ استعمال پر فی یونٹ بجلی ساڑھے 7 روپے مہنگی ہو کر نئی قیمت 36 روپے 66 پیسے فی یونٹ ہوگی۔
نیپرا فیصلے کے مطابق 601 سے 700 یونٹ ماہانہ استعمال پر فی یونٹ بجلی ساڑھے7 روپے مہنگی کردی گئی ہے اور اس سلیب پر فی یونٹ بجلی کی نئی قیمت 37 روپے 80 پیسےہو گی جبکہ 700 یونٹ سے زائد ماہانہ استعمال پر فی یونٹ بجلی ساڑھے 7 روپے مہنگی ہو کر 42 روپے 72 پیسے ہوگئی۔700 یونٹ سے زائد استعمال پربشمول جی ایس ٹی فی یونٹ بجلی50 روپے سے زیادہ میں پڑے گی۔
نیپرا کے مطابق کمرشل، انڈسٹریز اور زرعی استعمال سمیت دیگر شعبوں کےلیے فی یونٹ بجلی ساڑھے7 روپے مہنگی کردی گئی ہے۔
نیپرا کا کہناہے کہ بجلی کی نئی قیمتوں کا نفاذ کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز پر ہوگا اور قیمتیں یکم جولائی 2023 سے نافذ العمل ہوں گی۔
نیپرا نے فیصلہ نوٹیفکیشن کےلیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔
واضح رہے کہ مسلسل 6ماہ تک ماہانہ صرف 100یونٹ استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین کی کیٹگری میں آتے ہیں۔ 6ماہ تک ماہانہ صرف 200یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کہلاتے ہیں۔