ملک بھر میں بارشیں، ندی نالوں میں طغیانی، خطرناک سیلاب کا امکان، این ڈی ایم اے کی تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

ملک بھر میں بارشیں، ندی نالوں میں طغیانی، خطرناک سیلاب کا امکان، این ڈی ایم اے کی تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
سورس: File


اسلام آباد:  پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بارش شروع ہوتے ہی بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام متعلقہ محکموں کو لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ضروری انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ، بلوچستان کے دریاؤں اور نہروں میں طغیانی کا خدشہ ہے جب کہ جنوبی  پنجاب اور بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش کا خطرہ ہے۔ ندیوں میں تیز بہاؤ اور نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ بھی برقرار ہے۔

این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری کو تیار رکھیں اور عملہ الرٹ رہے۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حساس علاقوں کی طرف ٹریفک کی نگرانی کو یقینی بنائیں اور عوام کو پیشگی اطلاع دیں اور حفاظتی اقدامات کی تشہیر کریں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کا مزید امکان ہے، تیز بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں، اور ضلع ڈیرہ غازی خان کے نالوں میں خطرناک سیلاب کے امکانات ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ منگلہ ڈیم 76 فیصد اور تربیلہ ڈیم 80 فیصد بھر چکے ہیں، دریائے سندھ میں تربیلہ اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، ڈی جی خان اور راجن پور کے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔

ڈویژنل انتظامیہ کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں، راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کو نالہ لئی سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایات جاری ہے۔


مسلسل بارشوں کے باعث دریائے راوی میں سیلاب کا خدشہ ہے، اور ضلعی انتظامیہ کی تیاریاں مزید تیز ہوگئی ہیں۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرزریونیوعدنان رشید سیلاب تیاریوں کی سربراہی کریں گے، محکمہ انہار،ریسکیو 1122،سول ڈیفنس سمیت تمام محکموں کی سیلاب تیاریاں مکمل ہیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے مکمل تیار ہیں۔

ڈی سی لاہور نے کہا کہ سیلاب کی صورت میں نقل مکانی کے لئے ٹرانسپورٹ انتظامات کر رہے ہیں، سیلاب کے ممکنہ متاثرین کے لیے راشن کے انتظامات بھی کر رہے ہیں، مساجد میں سیلاب کی صورت میں اقدامات کی آگاہی کے لیےاعلانات کروائے جا رہے ہیں۔

ڈی سی لاہور نے درخواست کی کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ بچوں کو بارشی پانی میں نہ کھیلنے دیں، دریا میں نہانے یا تفریح پر مکمل پابندی، دفعہ 144 نافذ ہے۔

مصنف کے بارے میں