لاہور : سپریم کورٹ کے فیصلے سے سبکدوش ہونے والے حمزہ شہباز کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر پہلا رد عمل آگیا ہے۔ کہتے ہیں مشن پاکستان کو بچانا ہے اور میں اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے حمزہ شہبازنے کہا کہ سدا بادشاہی اللہ تعالی کی ہے، نہ کسی کی ہار ہمیشہ کی ہے نہ کسی جیت کو دوام حاصل ہے۔ تمام مشکلات کے باوجود آٹے پر سبسڈی ، مفت ادویات اور روشن گھرانا مفت بجلی جیسے پروگرامز سے عوام کو ریلیف دینے کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان نے دیکھا کہ کس طرح غیر آئینی اقدامات کے ذریعے پہلے دن سے ہمیں جائز حق حکمرانی سے محروم رکھنے کی کوشش کی گئی۔ میری سیاست عہدوں کے لئے نہیں عوام کی خدمت کے لئے ہے۔ بھٹو کو پھانسی دینے والے ججوں نے بعد میں پچھتاوے کا اظہار کیا لیکن ملک کو ہونے والےنقصان کی تلافی نہ ہوسکی۔
حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ جسٹس منیر اور مولوی مشتاق کی بدروحیں آج بھی عوام کی امنگوں پر ڈاکے ڈال رہی ہیں۔ ہماری فل کورٹ کی استدعا کو بھی نامنظور کر کے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت پر شب خون مارا گیا،عدالتی کارروائی اور فیصلہ متنازعہ ہے۔