اسلام آباد: نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر نے قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم قتل کی وجوہات کبھی کچھ بتاتا ہے تو کبھی کچھ۔ پولیس نے نور پر تشدد کے ویڈیو شواہد بھی حاصل کر لئے۔ نور مقدم ساڑھے چار بجے بالکنی سے بھاگ کر گارڈ کے پاس آئی۔ نور نے اپنے آپ کو سکیورٹی گارڈ کے کیبن میں بند کر لیا۔
ملزم ظاہر جعفر پیچھے آیا اور کیبن سے نور کو باہر نکالا۔ گلی میں موجود گارڈ یہ سب کچھ دیکھتے رہے۔ کسی بھی گارڈ نے ظاہر جعفر کو تشدد کرنے سے نہ روکا۔ گلی میں اور بھی لوگ موجود تھے جنہوں نے نور کو گھسٹتے ہوئے دیکھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح ملزم اس کو دوبارہ اوپر لیکر گیا۔ تشدد سے لیکر قتل تک کا عمل تین گھنٹے کے دوران کیا گیا۔