تل ابيب: اسرائیل نے عامر حائیک کو متحدہ عرب امارات میں اپنا پہلا سفیر مقرر کر دیا جو اب ابوظہبی میں موجود اسرائیل کے خصوصی ایلچی کی جگہ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ یائرلپید نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں پہلے سفیر کی تقرری کا اعلان کیا ہے۔ عامر حائیک امارات میں اسرائیل کے پہلے سفیر ہوں گے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عامر حائیک معیشت اور سیاحت کے شعبوں میں علم و تجربے سے مالامال ہیں جو اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کے لیے پُل کا کردار ادا کرنے کے لیے درست انتخاب ہیں۔
ٹائمزآف اسرائیل کے مطابق عامرحائیک اسرائیل ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر ہیں اور اس سے قبل وہ مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن آف اسرائیل کے سربراہ اور وزارت صنعت، تجارت اور محنت کے ڈائریکٹرجنرل بھی رہ چکے ہیں۔
دو ہفتے قبل ہی متحدہ عرب امارات نے بھی محمد الخاجہ کو اسرائیل میں اپنا سفیر مقرر کیا تھا اور تل ابیب میں سفارت خانہ کا افتتاح بھی کیا گیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی اور تجارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سے اب تک صحت ،شہری ہوابازی ،سیاحت ،تحفظ خوراک، زراعت اور دفاع کےشعبوں میں تعلقات کے فروغ کے لیے سمجھوتے طے پاچکے ہیں۔