اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں پاکستان کا 14 رکنی پارلیمانی وفد آذربائیجان ، پاکستان اور ترکی کے اسپیکر زکے پہلے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لئے آذربائیجان روانہ ہو گیا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق سہ فریقی اجلاس 26 سے 31 جولائی 2021 تک باکو میں ہوگا ۔پاکستان کا پارلیمانی وفد پہلی سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے علاوہ آذربائیجان کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔ دونوں ممالک میں پارلیمانی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں میں اضافے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں گے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کو بھی اجاگر کریں گے۔
پاکستانی پارلیمانی وفد صاحبزادہ صبغت اللہ ، صالح محمد ، سیف الرحمن ، شوکت علی ، منزہ حسن ، مرتضیٰ جاوید عباسی ، فضل محمد خان ، راجہ خرم شہزاد نواز ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا ، سید مصطفی محمود ، سید حسین طارق ، اسامہ قادری اور ناز بلوچ پر مشتمل ہے۔