اسلام آباد: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مودی کے یاروں کو مسترد کر کے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے۔
علی امین خان گنڈاپور نے آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ کپتان کا بھرپور ساتھ دینے پر آزاد کشمیر کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور کشمیریوں نے ثابت کر دیا کہ عمران خان ان کا سفیر اور حقیقی رہنما ہے جبکہ آزاد کشمیر کے عوام کی جانب سے دیے گئے مینڈیٹ کا بھرپور احترام کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مودی کے یاروں کو مسترد کر کے بھارت کو بھی واضح پیغام دیا ہے اور فاروق حیدر کے بیان کی شدید مزمت کرتے ہیں جبکہ پانچ سال وزارتِ اعظمی کا مزہ لوٹنے والے نے کشمیری عوام کی تضحیک کی ہے اور کشمیری عوام نے بھرپور سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ کشمیری عوام نے کرپٹ حکمرانوں اور ان کے حواریوں کو نیست و نابود کر دیا ، آزاد کشمیر میں فرسودہ سیاسی نظام دفن ہو چکا ہے ، آزاد کشمیر کے عوام نے آزاد کشمیر کو لاڑکانہ بننے سے بھی بچا لیا ہے۔