سعودی وزیر خارجہ کل پاکستان کا دورہ کریں گے

04:49 PM, 26 Jul, 2021

ریاض: سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر منگل کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

اس دورے کے دوران دونوں وزرائے خارجہ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں سمیت علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزرائے خارجہ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے مطابق دوطرفہ تعاون میں پیشرفت کا جائزہ بھی لیں گے جبکہ سعودی وزیر خارجہ دورے کے دوران دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔

دورے کے دوران سعودی حکومت کے سینئر حکام پر مشتمل وفد بھی شہزادہ فیصل بن فرحان کے ہمراہ ہو گا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جس کی جڑیں مشترکہ عقیدے، تاریخ اور باہمی حمایت کی مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ سعودی عرب نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے کشمیر پر رابطہ گروپ کے رکن کی حیثیت سے ثابت قدمی سے کشمیر کاز کی حمایت کی ہے۔ سعودی وزیر خارجہ کا یہ دورہ اور دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے تبادلے، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے میں معاون ہوں گے۔

مزیدخبریں