نور مقدم قتل کیس ، ظاہر جعفر کا بدھ تک جسمانی ریمانڈ

04:06 PM, 26 Jul, 2021

اسلام آباد: سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کا مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

نیو نیوز مطابق  تھانہ کوہسار پولیس نے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کچہری میں ڈیوٹی مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا کے سامنے پیش کیا۔ ملزم کو سخت سیکورٹی میں عدالت لایا گیا۔

سرکاری وکیل ساجد چیمہ کا کہنا تھا کہ ملزم ظاہر جعفر سے پسٹل ریکور کرلیا گیا ہے اب اس سے موبائل ریکور کرنا ہے۔ لہذا عدالت ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کرے۔

ملزم نے عدالت کے سامنے انگریزی زبان میں کہا کہ میں سن نہیں سکتا  جس پر عدالت نے ملزم کو روسٹرم پر لانے کی ہدایت کی۔ ملزم کے وکیل نے عدالت کے سامنے مؤقف پیش کیا کہ پولیس نے ملزم سے جو ریکوری کرنا تھی کر چکی اب مزید جسمانی ریمانڈ نہ دیا جائے۔ کوئی قانونی پوائنٹ بھی نہیں کہ ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

مقتولہ کے والد شوکت مقدم کے وکیل شاہ خاور نے بھی عدالت کے سامنے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی حمایت کرتے ہوئے عدالت کو مؤقف دیا کہ کیس میں مزید دفعات لگی ہیں۔ شریک ملزمان بھی گرفتار ہوئے۔ عدالت ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کرے۔

عدالت نے پولیس کی استدعا پر ملزم ظاہر جعفر کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ عدالت نے پولیس کو ملزم سے تفتیش کرکے 28 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

مزیدخبریں