اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام افراد کو الٹی میٹم دیا ہے کہ یا تو وہ اپنے ویزوں کی تجدید کروائیں یا 14 اگست تک ملک سے نکل جائیں، میں انھیں مہلت دیتا ہوں۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزشتہ کئی سالوں سے ایسے ہزاروں افراد غیر قانونی طور پر ٹھہرے ہوئے ہیں جنہوں نے ابھی تک اپنے ویزوں کی تجدید نہیں کرائی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں ایسے تمام افراد کو 14 اگست تک کی مہلت دیتا ہوں کہ وہ اس معیاد تک اپنے ویزوں کی تجدید کرا لیں، ان سے کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں تصدیق، تجدید اور تصحیح کی نئی پالیسی لا رہے ہیں۔ دیکھیں گے کہ کوئی غیر ذمہ دار شخص پاکستان کے شناختی کارڈ سے فائدہ تو نہیں اٹھا رہا۔
2023ء میں بھی عمران خان کی حکومت بنے گی، میری ریکارڈنگ محفوظ کر لیں اس وقت بھی یہ لوگ دھاندلی کا رونا روئیں گے
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ واپس آنا چاہیں تو انھیں فی الفور چارٹرڈ طیارہ فراہم کریں گے۔
نورم مقدم قتل کیس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ملزم ظاہر جعفر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا ہے۔
کشمیر الیکشن میں تحریک انصاف کی فتح پر انہوں نے کہا کہ جلسے بڑے ہونے سے انتخابات جیتنے کا دعویٰ نہیں کیا جا سکتا، سیاستدانوں سے زیادہ مذہبی جماعتوں کے جلسے زیادہ بڑے ہوتے ہیں لیکن انھیں الیکشن کے دوران ووٹ نہیں پڑتے، جلسوں سے ووٹوں کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ سندھ میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہو۔