الیکشن سے ثابت ہوا وزیراعظم کشمیریوں کے دلوں میں رہتے ہیں: فردوس عاشق اعوان

02:14 PM, 26 Jul, 2021

لاہور: معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ الیکشن سے ثابت ہوا وزیراعظم کشمیریوں کے دلوں میں رہتے ہیں ، وزیراعظم کو کشمیری اس وقت اپنے مسیحا کے طور پر دیکھ رہے ہیں ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز نے کشمیر میں نفرت کے بیج بوئے تھے ، جعلی راجکماری چاہتی ہیں ہمیں وہ پاکستان چاہیے جہاں وہ برسراقتدار ہوں ۔ وہ چاہتی ہیں ظل سبحانی کے حکم پر ادارے سرنگوں ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے جب نوٹ لینے سے انکار کیا تو انہوں نے دھاندلی کا شور مچا دیا ۔ آزاد کشمیر میں الیکشن کا عملہ بھی شاہی خاندان کا بھرتی کیا ہوا تھا ۔

معاون خصوصی اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے باریاں لگا کر آزاد کشمیر میں حکومت کی ، آزاد کشمیر میں تمام پولنگ اسٹاف موجودہ حکومت کے پے رول پر تھا ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں عوام نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو پوری طرح مسترد کردیا ۔ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی کامیابی پر کشمیریوں کے شکر گزار ہیں ۔ کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مریم نواز ہوش کے ناخن لیں اور عوام کے فیصلے کو قبول کریں ۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر نے آپ کے مسلک سے جڑے بیانیے کو مسترد کردیا ہے ۔ مودی کے رشتے داروں کو کشمیریوں نے اٹھا کر باہر پھینک دیا ۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کلہاڑی پاؤں پر نہیں اپنا پاؤں کلہاڑی پر مار رہی ہیں ۔ عطا تارڑ نے حوالات کے پیچھے تصویر بنا کر سیاسی بونا بننے کی کوشش کی ، پرانا پاکستان عوام کے ووٹوں کی طاقت سے زمین بوس ہوچکا ہے ۔

مزیدخبریں