کراچی: شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار عدنان صدیقی بھی کورونا کی چوتھی لہر کا شکار ہو گئے ہیں۔
اداکار عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کورونا کی تشخیص کے حوالے سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے مجھے بھی اپنی لپیٹ میں لے ہی لیا ہے۔ تاہم علامات زیادہ خطرناک نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد میں نے فوری طور پر خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ میری آپ سب سے التجا ہے کہ جو لوگ بھی میرے ساتھ رابطے میں رہے، انھیں اپنا طبی معائنہ ضرور کرانا چاہیے۔
خیال رہے کہ عدنان صدیقی نے کورونا وائرس کے بچاؤ کی دوسری ویکسین بھی لگوا رکھی ہے تاہم اس کے باوجود انھیں وبائی مرض نے آ جکڑا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ کیا سکون مل رہا ہے، سوئی کا ڈراؤنا خواب اب ختم ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ اب بھی اس ویکیسن سے متعلق پریشان ہیں تو وہ فوری اپنے ڈاکٹرز سے رابطہ کریں۔ اداکار کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین سے زیادہ اس مہلک وائرس سے حفاظت کی ایک چادر ہے، اس سے ذہنی سکون مہیا ہوتا ہے۔