راولپنڈی: افغان فوجی اپنی پوسٹس کی حفاظت کرنے میں ناکام رہے ۔ افغان آرمی کے کمانڈر کا پناہ لینے کیلئے پاک فوج سے رابطہ ، پاک فوج نے ضروری تقاضے پورے کرکے مدد کی درخواست قبول کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ، افغان نیشنل آرمی کے 5 افسروں سمیت 46 سپاہی گزشتہ رات اروندو سیکٹر چترال پہنچے ۔ افغان اہلکاروں کو خوراک ، شیلٹر اور طبی امداد دی گئی ۔ جلد باضابطہ طریقہ کار کے تحت اہلکاروں کو افغان حکام کے حوالے کیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ یکم جولائی کو بھی 35 افغان فوجیوں نے بارڈر پر پاک فوج سے پناہ طلب کی تھی ۔
دوسری جانب ، اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم نے خبردار کیا ہے کہ کالعدم جماعت ٹی ٹی پی افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کر سکتی ہے ۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم نے سلامتی کونسل میں ایک اہم رپورٹ پیش کی ہے جس میں القاعدہ ، داعش اور ان سے ملحقہ گروہوں سے دنیا کو لاحق خطرات سے خبردار کیا گیا ہے ۔
رپورٹ کی تیاری کے لیے مانیٹرنگ ٹیم نے شام ، عراق اور افغانستان سمیت جنگ زدہ ممالک اور ان میں پنپنے والی عسکری جماعتوں کا تجزیہ پیش کیا جس کے لیے مقامی افراد سمیت ایسے ماہرین کے بھی انٹرویو کیے گئے جو عسکری جماعتوں کو قریب سے جانتے ہیں ۔