آبروریزی کے دوران مزاحمت، سفاک شخص نے شیرخوار بچہ اور اس کی ماں کو قتل کردیا

Rawalpindi:a ruthless man killed the infant and his mother
کیپشن: فائل فوٹو

راولپنڈی: 14 ماہ کے بیٹے کے بعد ماں بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ سفاک شخص آبروریزی کے دوران مزاحمت پر30 سالہ نسیم اور اس کے 14ماہ کے بیٹےیوسف پر چاقو سے وار کرکے فرار ہو گیا تھا۔

احسان ڈیلی نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ چونترہ کے علاقے میں مہوٹہ موہڑہ کے قریب سفاک شخص واجد نے مبینہ طور پر زیادتی کے دوران مزاحمت کرنے پر چاقو سے وار کرکے خاتون نسیم بی بی اور اس کے 14 ماہ کے شیر خوار بچے یوسف کو زخمی کر دیا تھا۔

بچہ یوسف گزشتہ روز ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ آج ہسپتال میں نسیم بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

ذرائع کے مطابق نسیم اپنے خاوند محمد غفار سے ناراض ہو کر اپنے 14 ماہ کے بیٹے یوسف کے ہمراہ اپنی بہن کے گھر روات ‏آ گئی تھی۔

اس دوران نسیم کا رابطہ چونترہ کے گاؤں مہوٹہ موہڑہ کے رہائشی واجد سے ہوا۔ واجد نے اس کے خاوند کو راہ راست پر لانے کے لیے اسے ایک پیر سے تعویز دھاگا کرانے کے لیے اپنے گاؤں بلایا۔

جب نسیم اپنے معصوم بچے ساتھ وہاں پہنچی تو واجد اسے ایک برساتی نالےمیں لے گیا، جہاں اس نے مبینہ ‏طور پر نسیم بی بی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔

اس دوران نسیم نے مزاحمت کی تو واجد نے چاقو سے وار کر کے نسیم اور اس کے 14 ماہ کے بیٹے یوسف کو زخمی کر کے فرار ہو گیا جبکہ ماں بیٹا دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی ہے۔