اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے آزاد جموں وکشمیر کے انتخابات میں تشدد اور دھاندلی کا سہارا لیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ انتخابات سے تین نشستیں زیادہ لے کر پی پی پی آزاد کشمیر میں 11 نشستوں کے ساتھ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابی قواعد کی خلاف ورزیوں پر پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی میں ناکام رہا۔ مجھے بہترین جدوجہد کرنے والی پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر پر فخر ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن سے ایک روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ عام انتخابات کو تاریخ کے متنازع ترین الیکشن بننے سے بچائے۔ عمران خان کا الیکشن کے آخری دنوں میں کشمیر جانا، الیکشن کمیشن کے منہ پر طمانچہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ اگر صاف و شفاف انتخابات ہوئے تو آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے علاوہ اور کوئی سیاسی جماعت نہیں ہے، باقی جماعتوں نے چور دروازوں سے حکومتیں بنائیں۔
https://twitter.com/BBhuttoZardari/status/1419500727920177156?s=20
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ ملک میں صاف وشفاف الیکشن ہوں اور اس سلسلے میں وہ 2018ء کے عام انتخابات سے بھی پہلے سے کام کرتے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر صاف و شفاف طریقے سے الیکشن کا انعقاد ہو تو پی پی پی آزاد کشمیر میں بار بار حکومت بنائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے کشمیری عوام کے لیے پہلے دن سے آج تک کام کیا ہے، ناصرف آزاد کشمیر کے بہن بھائیوں کی خدمت کی ہے بلکہ مقبوضہ کشمیر میں جو بربریت جاری ہے، اس کے خلاف جدوجہد کو اس کا اپنا کاز سمجھا ہے، اور ہر جگہ آواز اٹھائی ہے۔