مظفر آباد: مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی جیت کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے 2 حلقوں میں تحریک انصاف کے امیدوار نے مخالف سیاسی پارٹیز کے یجنٹس کو پولنگ سٹیشن داخل ہونے سے روکا۔
انہوں نے الزام بھی عائد کیا کہ ووٹوں پر خود مہریں لگائی گئیں، ہم نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے غنڈوں نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول علی پور چٹھہ پولنگ سٹیشن پر انتخابی دھاندلی کے لئے حملہ کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے غنڈوں کو غنڈہ گردی کرنے کی پوری آزادی دی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے عملے نے مسلم لیگ (ن) کی درخواستیں وصول کرنے سے انکار کر دیا۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ گرفتار کارکنان میں سمیع اللہ راہڑ، زمان مٹو، ہمایوں ہنجرا، قاسم بھٹی اور ذوالقرنین شامل ہیں۔ پولیس نے عامر راہڑ ایڈوکیٹ کے ڈیرے پر اس وقت چھاپا مارا جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکن عامر راہڑ کی قیادت میں پی ٹی آئی کے غنڈوں کے حملے کا مقابلہ کر رہے تھے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے نتائج روک کر تکنیکی دھاندلی کی، یہی اس کا مشن تھا۔ عمران خان ہر انتخابات کو چوری کرکے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں۔