اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کو نواز شریف سے ذاتی رنجش نہیں ، وزیراعظم کا بیانیہ ہے قانون سب کیلئے یکساں ہونا چاہئے ، جیل مینوئل کو یقینی بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ظل سبحانی مری سیر پر جاتے تو قوم کے پیسے سے ٹپ دیتے ، انہوں نے 5،5 کیمپ آفس کھول رکھے تھے۔
انھوں نے کہا کہ ان سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لینے کا وقت آ گیا ہے ، ہم نے فیصلہ کیا ہے ان کے کسی جلسے اور ریلی کو نہیں روکنا ، قوم نے اپوزیشن کا منفی پروپیگنڈا مسترد کر دیا ہے ، اپوزیشن اداروں پر حملے کرے گی تو حکومت کردار ادا کرے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا رواں سال پی آئی اے کو خسارے سے نکال لیا جائے گا ، تھوڑی دیر پہلے ارسطو صاحب وزیراعظم پر بلاجواز تنقید کر رہے تھے , انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کو عالمی سطح پر وزیراعظم کی پذیرائی ہضم نہیں ہو رہی ، قیادت ایماندار ہو تو اداروں کو بحران سے نکال سکتی ہے ، اپنے خاندانوں کے ساتھ خزانے سے عیاشیاں کی گئیں۔
حج اور عمرے پر جانے والوں کا خرچہ قوم برداشت کرتی رہی ، موجودہ دور میں پی آئی اے اخراجات میں 20 فیصد کمی آئی ، پی آئی اے ایک سال بعد آمدن کی طرف جائے گا، پی آئی اے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔