رملہ: فلسطینی صدر محمود عباس نےاسرائیل سےتمام معاہدے معطل کرنےکااعلان کر دیا۔ صدرمحمود عباس کا اعلان اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی گھر مسمار کیے جانے کے بعد سامنے آیا۔
محمود عباس کے مطابق اعلان پر عمل درآمد آج سے شروع ہو گا ۔ اسرائیل نے ایک نئی مہم میں مغربی کنارے پر قائم فلسطینی گھروں کو مسمار کرنا شروع کیا ہے۔
ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ وحشیانہ طاقت کے استعمال ارض فلسطین بالخصوص بیت المقدس میں صیہونی ریاست کو اپنی اجارہ داری قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صیہونی ریاست کے تمام اقدامات غیرآئینی اور باطل ہیں۔
فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ جب تک فلسطینی قوم کو اس کے تمام حقوق فراہم نہیں کیے جاتے اس وقت تک خطے میں دیر پاامن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ فلسطینی قوم آزادی کی جدو جہد جاری رکھے گی چاہے اس میں زمانے لگ جائیں۔ بالآخر آزادی فلسطینی قوم کا مقدر ہو گی۔