لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہِ کاغان بند، ہزاروں افراد پھنس گئے

11:22 AM, 26 Jul, 2019

بالا کوٹ: لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہِ کاغان گزشتہ روز دوپہر سے 8 مقامات پر ٹریفک کے لیے بند ہے۔اسسٹنٹ کمشنر  بالا کوٹ  نواب سمیر کے مطابق بھاری لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بڑوئی اور جل کھڈ کے درمیان 8 مقامات پر شاہراہ بدستور بند ہے اور ہزاروں افراد گذشتہ روز سے بڑوئی اور جل کھنڈ کے درمیان پھنسے ہوئے ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ راستے میں پھنسے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ہزاروں مسافروں نے رات کھلے آسمان تلے گزاری ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نے کہا کہ ہر دو کلومیٹر کے فاصلے پر ہیوی لینڈ سلائیڈ ہوئی ہے جبکہ ایک سلائیڈ کے نیچے 2 افراد کے دب جانے کی بھی اطلاع ملی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ راستے میں پھنسے افراد تک رسائی کے لیے صوبائی حکومت سے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ تمام ادارے الرٹ ہیں مگر پھنسے ہوئے افراد تک رسائی مشکل ہے، ان افراد میں سیکڑوں سیاح، خواتین اور بچے شامل ہیں، محصورین تک خوراک پہنچانا پہلی ترجیح ہے۔

مزیدخبریں