پاک بھارت تعلقات، رشی کپور نے عمران خان کے موقف کی حمایت کردی

09:32 PM, 26 Jul, 2018

ممبئی: بالی ووڈ اداکار رشی کپور نے کہا ہے کہ عمران خان نے اچھی تقریر کی ہے، پاک بھارت تعلقات پر عمران خان کے خیالات سے متفق ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا، رشی کپور نے کہا کہ عمران خان کی جیت سے امید پیدا ہوئی ہے کہ پاک بھارت تعلقات بہتر ہوجائیں گے۔

رشی کپور نے اپنے ٹویٹ میں عمران خان کی تقریر کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ آپ نے پاک بھارت تعلقات پر جو گفتگو کی میں بھی پچھلے دو دنوں سے مختلف ٹی وی چینلز پر یہی کہہ رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ آپ کی کامیابی سے آپ کا ’ملک‘ اور میرے ’ملک‘ کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہوں گے، واضح رہے کہ رشی کپور اور تپسی پنوں کی نئی آنے والی فلم کا نام بھی ’ملک‘ ہے جو 3 اگست کو ریلیز ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز رشی کپور کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 1971ء سے جاری جھگڑا آج تک حل نہیں ہوسکا اس مسئلے پر مل بیٹھ کر کوئی نتیجہ نکالنا چاہئے ورنہ کیا ہم ہمیشہ اسی طرح لڑتے رہیں گے جبکہ پوری دنیا اپنے اپنے مسائل حل کررہی ہے تو پھر ہم کیوں نہیں کرسکتے۔

مزیدخبریں