اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین جاویداقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی احتساب بیورو کی کارکردگی اور زیر التوا مقدمات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سپریم کورٹ میں نیب کی زیرسماعت مقدمات اور احکامات پرعملدرآمدکا جائزہ لیا گیا، قومی احتساب بیورو کے سربراہ نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کروانے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی , چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کےاحکامات پرمن و عن عملدرآمدیقینی بنایاجائے، اس ضمن میں کوئی کوتائی برداشت نہیں کی جائےگی۔
یہ بھی پڑھیئے:عمران خان کا وزیراعظم ہائوس سمیت سرکاری عمارتوں کو سیاحتی ، تعلیمی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا اعلان
خیال رہے کہ 11 جولائی کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان کے دفتر میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ’نیب کے قیام کا مقصد ہر صورت پورا کیا جائے، پٹواری، تھانیدار یا پھر کسی بھی عہدے پر تعینات شخص کا احتساب کیا جائے گا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ احتساب ہوگا تو بلا تفریق ہوگا ورنہ کسی کا نہیں ہوگا، اب بات شروع ہوگی تو اوپر سے شروع ہوگی پٹواری یا تھانیدار سے نہیں، کوئی کسی بھی عہدے پر رہا احتساب سب کا بلا تفریق ہوگا۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کی عزت نفس کا پورا خیال رکھا جائے گا، کسی ایک شخص یا جماعت نہیں ہر شخص کا بلا تفریق احتساب ہوگا۔