لاہور:الیکشن 2018میں لاہور کے قومی و صوبائی حلقوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں ،لاہور سے قومی اسمبلی کے لئے ایک اہم حلقہ این اے 133کےتمام250پولنگ اسٹیشنزکےغیرحتمی غیرسرکاری نتائج آ گئے ہیں اور ان نتائج کے مطابق یہاں سے مسلم لیگ ن نے میدان مارتے ہوئے تحریک انصاف کے اہم رہنما اعجاز احمد چوہدری کو شکست دے دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 133 کےتمام250پولنگ سٹیشنزکےغیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک نے 87ہزار506ووٹ لےکرکامیابی حاصل کر لی ہے ، ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کےاعجازچودھری75ہزار731ووٹ لےکردوسرےنمبرپررہے۔
اس حلقہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اسلم گل تھے جبکہ مسلم لیگ ن کے ’’باغی ‘‘ رہنما سید زعیم حسین قادری بھی امیدوار تھے تاہم وہ کوئی قابل ذکر ووٹ حاصل کرنے میں مکمل ناکام رہے ۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز نے این اے 125کا حلقہ چھوڑ کر پرویز ملک کے انتخابی حلقہ این اے 133سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا اس سے قبل پرویز ملک کو این اے 125سے الیکشن لڑنے کا کہا گیا لیکن پارٹی قیادت نے این اے 133کے امیدوار وحید عالم کی جگہ پرویز ملک کو ٹکٹ دے دیا تھا ۔