اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے سپریم کورٹ سے پاناما کیس کا فیصلہ جلد سنانے کی درخواست کردی.عمران خان کہتے ہیں کہ ملک نازک صورتحال میں ہے،فیصلہ جلدی آنا چاہیے تاکہ قوم آگے بڑھ سکے.
میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک کی نازک صورتحال کو دیکھتے ہوئے سپریم کورٹ کو چاہیے کہ پاناما کیس کا فیصلہ جلدی کر دے ۔انہوں نے لندن فلیٹس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلیٹ گیارہ سال کرکٹ کھیل کر خریدا یہ لوگ اپنے محلات اور میرے فلیٹ کو ایک جیسا قرار دے رہے ہیں.حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دونوں بھائی معصوم شکلیں بنا کر قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں. سارے مجرم اکھٹے ہو گئے.وزیراعظم اور وزیردفاع کے اقامے نکل آئے ہیں اب وزیراعظم کو استعفیٰ دینا ہی ہو گا.
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی فرینڈلی اپوزیشن کی راہ سے ہٹ گئی ہے، اس وقت خورشید شاہ اور پیپلزپارٹی اچھا کام کررہے ہیں، کوئی بھی سیدھے راستے پر آجائے تو اس کی حمایت کرنی چاہیے۔
عمران خان کے مطابق ایفیڈرین کیس میں پکڑے جانیوالے شخص نے مجھ پر کیس کردیا، اگر میں نااہل ہوا تو یہ بہت چھوٹی قیمت ہوگی. اب یہ جہانگیر ترین کا کیس سامنے لے آئے ہیں۔پی ٹی آئی کے چئیرمین نے کہا کہ کسی جمہوریت میں کبھی سنا کہ کسی ملک کا وزیراعظم اقامہ لے کر دوسرے ملک کا سیلزمنیجر بنا ہو، ارسطو بنا ہوا ان کا ایک وزیر بڑی معتبر باتیں کرتا ہے وہ بھی ایک ملک کا اقامہ لیکر بیٹھا ہے جب کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے دبئی میں ڈیڑھ ڈیڑھ ارب روپے کے گھر ہیں، یہ سارے قوم کے مجرم اور واقعی گاڈ فادر ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں