کراچی: پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کرنل قیصر خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا 17 جولائی کو 2 افراد کو اورنگی ٹاؤن میں قتل کیا گیا ان کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے جبکہ ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے ساؤتھ افریقہ کے سیٹ اپ سے رابطے میں تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے ایک دوسرے کو وفتاً فوقتاً پیغامات دیے جو ان سے برآمد ہونے والے موبائل فونز میں موجود ہیں اور ساؤتھ افریقہ سے ایک عبداللہ نامی شخص نے واٹس ایپ پر ملزمان سے رابطہ کیا۔
کرنل قیصر نے بتایا کہ عبداللہ نے 19 جولائی کی شام 5 بجے ملزمان کو پیغام بھیجا جس میں کہا گیا کہ متحدہ بانی کی شاباشی خود سن لیں۔ پریس کانفرنس کے دوران مذکورہ واٹس ایپ پیغام نشر بھی کیا گیا۔
کرنل قیصر خٹک نے بتایا اب وہ وقت گزر گیا جب لندن اور ساؤتھ افریقہ سے کال پر لاشیں گر جایا کرتی تھیں جبکہ بھتہ نہ دینے کی صورت میں شہر میں آگ لگ جایا کرتی تھی۔
انہوں نے کہا گرفتار ملزمان نے اپنے ساتھیوں کے نام دیئے ہیں جبکہ یہ لوگ بانی ایم کیوا یم کے حق میں وال چاکنگ بھی کر رہے تھے جبکہ ملزمان کو بینک اکاؤنٹ کے ذریعے 50 ہزار روپے بھی بھجوائے گئے تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں