ملتان: ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہوگئی، 254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 76 رنز پر 4 بیٹرز پویلین لوٹ گئے۔
ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز کا آغاز 9 رنز کی برتری کے ساتھ کیا۔ کپتان بریتھ ویٹ اور میکائیل لوئیس نے اننگز کو 50 رنز تک پہنچایا۔ میکائیل 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ بریتھ ویٹ نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس کا خاتمہ نعمان علی نے کیا۔
ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 244 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس میں املاچ نے 35 اور سنکلیئر نے 28 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ساجد خان نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار اور کاشف نے ایک، ایک وکٹ لی۔
پاکستان نے 254 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔ شان مسعود اور محمد ہریرہ 2، 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کامران غلام 19 اور بابر اعظم 31 رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔
سعود شکیل 13 اور نائٹ واچ مین کاشف علی ایک رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کو جیت کے لیے مزید 178 رنز درکار ہیں، جبکہ اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 163 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے جواب میں پاکستان 154 رنز بنا سکا۔ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا۔