اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ رسیدیں طلب کرنے والے اب خود رسیدیں دکھانے سے بھاگ رہے ہیں، جبکہ آر ٹی ایس بٹھا کر نااہل افراد کے سپرد حکومت کی گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک کے 64 ارب روپے پر ڈاکہ ڈالا۔
احسن اقبال نے پی ٹی آئی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دور حکومت کے منصوبے عوام کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کے خلاف امریکہ اور برطانیہ میں مظاہرے کیے۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور اندھیروں کا خاتمہ کیا۔ چین کے تعاون سے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے سی پیک منصوبہ شروع کیا گیا، جس سے بیرون ملک سرمایہ کار پاکستان آئے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ 2017 میں ایک سازش کے تحت نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا، جس سے ترقی کا سفر متاثر ہوا۔