بہار: بھارت کی ریاست بہار کے گاؤں مگھر میں بندر کے حملے سے دسویں جماعت کی طالبہ جان کی بازی ہار گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب پریا کماری نامی طالبہ چھت پر دھوپ میں بیٹھ کر پڑھائی کر رہی تھی۔ سرد موسم کے باعث وہ چھت پر موجود تھی کہ اچانک بندروں کا ایک جھنڈ وہاں پہنچ گیا۔ بندروں کو دیکھ کر پریا خوفزدہ ہوگئی اور چھت سے نیچے جانے کی کوشش کی، مگر اس دوران ایک بندر نے اسے دھکا دے دیا، جس سے وہ نیچے گر کر شدید زخمی ہوگئی۔
اہلِ خانہ نے فوراً اسے قریبی اسپتال منتقل کیا، لیکن ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ طبی ماہرین نے بتایا کہ پریا کی موت سر، کمر اور جسم کے دیگر حصوں پر گہری چوٹوں کے باعث ہوئی۔
اہل علاقہ نے اس واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بندروں کے حملے پہلے بھی جانی و مالی نقصان کا سبب بن چکے ہیں۔ مقامی افراد نے انتظامیہ سے بندروں کے بڑھتے ہوئے حملوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔