راولپنڈی : پاکستان نیوی 9 ویں بین الاقوامی امن مشق اور پہلے امن ڈائیلاگ کی میزبانی کے لیے تیار ہے، جو 7 سے 11 فروری تک اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس بین الاقوامی ایونٹ میں 60 ممالک کے بحری جہاز، ہوائی جہاز، اسپیشل سروسز گروپس اور مندوبین شرکت کریں گے۔ تقریباً 4,000 افراد کی اس مشق میں شرکت اس خطے کی سب سے بڑی اور تاریخی فوجی سرگرمی ہوگی۔
آئی ا یس پی آر کا کہنا ہے کہ امن مشق کے دوران پاک میرینز اور نیوی کے اسپیشل سروس گروپ کاؤنٹر ٹیررازم کے حوالے سے اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے، جبکہ سمندر میں میری ٹائم جرائم کے خلاف مشترکہ آپریشنز کی مشقیں بھی کی جائیں گی۔ امن مشق کا اختتام 11 فروری کو انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے ساتھ ہوگا جس میں ملکی و غیر ملکی اعلیٰ شخصیات شرکت کریں گی۔
یہ مشقیں 2007 سے ہر دو سال بعد منعقد ہو رہی ہیں اور ان کا مقصد علاقائی امن، تعاون اور سمندری خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا ہے۔ اس بار ہونے والا انٹرنیشنل امن ڈائیلاگ خاص اہمیت کا حامل ہوگا، جس میں دنیا بھر کی سینئر عسکری قیادت علاقائی سیکیورٹی کے چیلنجز پر بات چیت کرے گی۔
اس ایونٹ میں 120 سے زائد وفود کی شرکت متوقع ہے، جو عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دینے اور سمندری سلامتی کے لیے نئی حکمت عملیوں پر غور کریں گے۔