ہیوسٹن : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے اہم موقع پر صائم ایوب کا کیریئر داؤ پر لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ہیوسٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے اس بات کی تصدیق کی کہ صائم ایوب کی انجری پر وہ خود مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ایک دو روز میں ان کا پلاسٹر اُتر جائے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ "صائم ایوب ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کا ری ہیب جاری ہے، اور میں روزانہ کی بنیاد پر ان سے رابطے میں ہوں۔" انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ صائم ایوب جلد صحتیاب ہو کر کرکٹ کے میدان میں واپس آئیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے اوپنر صائم ایوب دائیں ٹخنے میں فریکچر کے باعث 6 ہفتوں تک کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں، اور ان کی واپسی کے لیے بورڈ کی طرف سے مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں تاکہ چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹ میں ان کی خدمات بروئے کار لائی جا سکیں۔