لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام نے تاریخ رقم کر دی ہے، جس کے ذریعے صوبے بھر میں 9 ہزار سے زائد افراد کو ساڑھے 8 ارب روپے سے زائد بلاسود قرضے جاری کیے گئے ہیں۔ یہ قرضہ پروگرام مختصر ترین مدت میں 8 ارب روپے کے مائیکروفنانس قرض کا منفرد ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب رہا۔
اس پروگرام کے تحت 4 لاکھ سے زائد درخواستیں اور ڈاکومنٹس جمع ہو چکے ہیں، جو اس منصوبے کی پذیرائی اور مقبولیت کا غماز ہیں۔ فیز ون میں 5 ہزار قرضے جاری کیے گئے اور ان قرضوں سے استفادہ کرتے ہوئے 5 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے، جبکہ فیز ٹو میں 3 ہزار مزید قرضے جاری کر کے گھروں کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پروگرام کے تحت درخواستوں کی تصدیق تین غیر جانبدار مائیکروفنانس ادارے کر رہے ہیں تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ "ریاست ماں کے جیسی ہے اور ماں کو بے گھر بچوں کا زیادہ احساس ہوتا ہے"، اور اس پروگرام کے ذریعے ان کا مقصد پنجاب کے ہر شہری کو اپنی چھت کا سکھ دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کے تحت قرض لینے والوں کو 15 لاکھ روپے تک قرض ملے گا اور اس قرض کی واپسی ماہانہ 14 ہزار روپے کی قسط میں کی جائے گی۔ مریم نوازشریف نے اس پروگرام کی کامیابی کے لیے ہدف مقرر کیا ہے کہ ایک سال میں ایک لاکھ اور پانچ سال میں پانچ لاکھ گھر بنائے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ اس پروگرام میں سفارش کی بجائے صرف میرٹ پر قرضے دیے جائیں گے اور یہ پروگرام پاکستان کے سب سے بہترین ہاؤسنگ پروجیکٹ کے طور پر سامنے آئے گا۔