روٹی، گھی، چینی ، آٹا اور بجلی سستی کریں گے: نواز شریف، بورے والا کو ضلع بنانے کا اعلان 

روٹی، گھی، چینی ، آٹا اور بجلی سستی کریں گے: نواز شریف، بورے والا کو ضلع بنانے کا اعلان 
سورس: File

بورے والا : قائد مسلم لیگ (ن) و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آئے گی تو اس مہنگائی کو مٹائے گی۔تہمینہ دولتانہ کی کامیابی کی صورت میں بورے والا کو میڈیکل کالج بھی دیں گے۔ 

بورے والا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کافی عرصے بعد آپ لوگوں سے مل رہا ہوں، اتنے سال آپ لوگوں سے نہ ملنے پر اداس ہوگیا تھا، اتنے عرصے بعد آپ لوگوں سے دوبارہ ملنے پر بہت خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے وہ وقت یاد آتا ہے جب روٹی 4 روپے کی ملتی تھی، آج 25 روپے کی روٹی ملتی ہے، یہ ہے تبدیلی، اس تبدیلی کی وجہ سے روٹی مہنگی ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے لوڈشیڈنگ ختم کردی تھی، اُس وقت جو بل 500 روپے کا آتا تھا وہ آج 20 ہزار روپے کا آتا ہے، آج روٹی، گھی، چینی، آٹا سب مہنگا ہوگیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) آئے گی تو اس مہنگائی کو مٹائے گی، ہم بجلی روٹی سب سستا کریں گے، گیس گھر گھر ملے گی۔

نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے نواز شریف نے دریافت کیا کہ کتنے نوجوان ہیں جن کے پاس روزگار نہیں ہے؟ یہ بہت ہی افسوس کی بات ہے، اگر مجھے نا نکالا جاتا، اگر بیٹے سے تنخواہ نا لینے پر حکومت نا ختم کی جاتی تو کوئی بھی نوجوان یہاں بے روزگار نہیں ہوتا سب خوشحال ہوتے، گھر گھر چراغ جل رہے ہوتے۔

سابق وزیر اعظم نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان کے جسم پر کلہاڑی ماری ہے، اس کے ساتھ زیادتی کی ہے۔

نواز شریف نے دریافت کیا کہ آج یوریا کتنے کا ملتا ہے؟ ہمارے دور میں یوریا 1200 روپے کا تھا اور آج 5 ہزار کا ہوگیا ہے، یہ ہے تبدیلی کا نتیجہ، میرے دور میں ٹریکٹر 9 لاکھ روپے کا تھا آج یہ 38 لاکھ کا لیکن ہم پاکستان کو مہنگائی اور بے روزگاری سے واپس لائیں گے اور یہاں کے حالات کو اتنا اچھا بنائیں گے کہ ہر گھر میں بہترین روزگار ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ بورے والا میں ہائی وے بنائی جائے گی اور عین ممکن ہے کہ ایئرپورٹ بھی بنایا جائے گا، مزید کہا کہ اگر تہمینہ دولتانہ یہاں سے کامیاب ہوئی تو یہاں میڈیکل کالج بھی دیں گے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انشااللہ بورے والا جو ضلع بھی بنایا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں