آپ درخواست دیتے ہیں ہم فوری لگا دیتے ہیں لیکن تیاری تو کرکے آیا کریں : چیف جسٹس کا پی ٹی آئی رہنما کے وکیل سے مکالمہ 

04:14 PM, 26 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پینجاب کے حلقے پی پی 19 سے پی ٹی آئی رہنما محمد عارف عباسی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل مسترد کر دی۔

الیکشن ٹریبونل کے فیصلے خلاف عارف عباسی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کی۔

درخواست گزار کے وکیل عبدالرزاق نے موقف اپنایا کہ ریٹرننگ آفیسر نے ان کے مؤکل کی نامزدگی پر اعتراض اٹھا کر کاغذات مسترد کردیے تھے۔

دورانِ سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ درخواست گزار نے کاغذات نامزدگی میں فوجداری مقدمات کا تزکرہ ہی نہیں کیا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ درخواست گزار نے دو فوجداری مقدمات ہونے کے باجود ضمانت کیلئے کسی عدالت سے رجوع نہیں کیا۔جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ جس شخص کیخلاف دو فوجداری ایف آئی آرز درج ہیں وہ پورے شہر بھر میں گھوم رہا ہے۔انھوں نے درخواست گزار کے وکیل سے سوال کیا کہ ضمانت کیلئے ٹرائل کورٹ جانے میں آپ کو کیا مسئلہ تھا۔

عدالت کا مزید کہنا تھا کہ ریٹرننگ آفیسر نے عارف عباسی سے بیٹے کی لندن میں موجود جائدادوں کا پوچھا لیکن اس کا بھی جواب نہیں دیا گیا۔درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل کیخلاف وارث خان تھانے میں دو ایف آئی آرز درج تھیں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے درخواست گزار کے وکیل کو کہا کہ دستاویزات تو پڑھ کر آئیں، کیس چلانا ہے تو حقائق بتائیں۔

عارف عباسی کے وکیل کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے بیان حلفی میں دونوں مقدمات کا بتا دیا تھا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے کہا کہ آپ درخواست دیتے ہیں تو ہم فوراً سماعت کیلئے مقرر کرتے ہیں مگر تیاری تو کر کے آئیں۔ آپ سچ بولنے کیلئے تیار نہیں تو ہم کیا کر سکتے ہیں۔

سماعت کے بعد تین رکنی بینچ نے الیکشن ٹریبیونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے عارف عباسی کی درخواست مسترد کر دی۔

مزیدخبریں