اسلام آباد: امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکہ ناصرف پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے معاونت جاری رکھے گا بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے مدد کرتا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد پر امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کےساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جبکہ انہوں نے امریکہ کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
اس موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے معاونت جاری رکھیں گے جبکہ امریکہ پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے بھی مدد کرتا رہے گا۔